لاہور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدررانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی رپورٹ سے نظر ہٹانے کے لیے آڈیو کا پنڈورا کھولا گیا ہے، سب کو پتا ہے کہ آڈیو کہاں سے ریکارڈ ہوتی ہے۔ان خیالات کااظہاررانا ثناء اللہ نے قاتلانہ
حملے میں زخمی ہونے والے پارٹی کے رکن اسمبلی بلال یاسین کی میو ہسپتال میں عیاد ت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ اللہ کا کرم ہے کی بلال یاسین کو نئی زندگی ملی، بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ ہوا، ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔انہوںنے کہاکہ ابھی تک پولیس کہانیاں بیان کررہی ہے حقائق سے آگاہ نہیں کررہی، شوٹر کے چہرے صاف نظر آرہے ہیں ان کو سامنے لایا جائے، ہم یہ بھی دیکھیں گے کہ ملزم کے پیچھے اور کون چھپا ہے، حکومت کو چاہیے جلد از جلد اس معاملے کو حل کرے۔انہوںنے کہاکہ مریم نواز کی گفتگو تب کی ہے جب (ن )لیگ کی حکومت تھی، آپس میں ڈسکشن ہوتی رہتی ہے اور یہ جائز نہیں ہے کہ ایسی گفتگو کو لیک کیا جائے، کل ہی ان کی ضرورت کیوں پڑی تھی کہ آڈیو کو سامنے لایا جائے۔انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ پر بات نہ کی جائے اس وجہ سے یہ آڈیو لیک ہوئی۔ حکومت کی حالت پتلی ہوچکی ہے۔