واشنگٹن (این این آئی)امریکی صدر نے اپنے یوکرائنی ہم منصب کے ساتھ ایک فون کال کے دوران وعدہ کیا ہے کہ اگر روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو امریکا فیصلہ کن جواب دے گا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے یوکرائنی ہم منصب وولودومیر زیلنسکی سے فون پر پھر بات چیت کی اور
اس گفتگو کے دوران انہوں نے روسی جارحیت کے خلاف یوکرائن کی آزادی کے لیے اپنی انتظامیہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔وائٹ ہائوس کے پریس سکریٹری جین ساکی نے اس فون کال کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ صدر جو بائیڈن نے واضح کر دیا ہے کہ اگر روس نے یوکرائن کے خلاف مزید حملے کیے تو امریکا اور اس کے اتحادی اور شراکت دار اس کا فیصلہ کن جواب دیں گے۔وائٹ ہائوس کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ صدر جو بائیڈن نے یوکرائن کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے امریکی عزم کا بھی اعادہ کیا۔واشنگٹن اور یورپی یونین نے ماسکو پر یوکرائن پر حملہ کرنے کی دھمکی دینے کا الزام عائد کیا۔ روسی افواج نے سن 2014 میں کرائمیا پر قبضہ کر لیا تھا اور تبھی سے وہ ملک کے مشرقی علاقے میں علیحدگی پسندوں کی حمایت کرتا رہا ہے۔