اسلام آباد /کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)محکمہ موسمیات نے سموگ اور گردوغبار سے پریشان شہریوں کو بارشوں کی نوید سنا دی۔محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی
بارش کاامکان،بارش کے باعث پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ کی شدت میں کمی کاامکان ہے، محکمہ موسمیات کا مزید کہناتھا کہ پیرسے دھندکی شدت میں اضافے کاامکان ہے۔علاوہ ازیں ملک کے بالائی اور میدانی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے، کراچی میں سائبیرین ہوائوں نے موسم مزید سرد کردیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ،شہر 20 دسمبر تک سردی کی لپیٹ میں رہے گا۔دوسری جانب چمن، زیارت، قلات، پشین، قلعہ عبداللہ، سوراب سمیت شمالی بلوچستان میں سردی سے شہریوں کی زندگی متاثر ہوئی محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں اسکردو میں درجہ حرارت منفی 14،گلگت، قلات اور کوئٹہ میں منفی 9، دیر اور مالم جبہ منفی5، اسلام آباد میں منفی ایک، پشاور میں صفر، لاہور 5 اور کراچی میں 9 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔علاوہ ازیں ملک میں سردی کے ساتھ سوئی گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کے باعث بھی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔