اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے باعث جہاں عالمی معیشتوں میں بہتری آ رہی ہے وہیں بین الاقوامی سطح پر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ بھی دیکھنے میں آ رہا ہے اور خام تیل کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں
اضافے کے باوجود بھارتی حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت نے پیٹرول پر عائد ایکسائز ڈیوٹی میں 5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 10 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے۔بھارتی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصلے کا مقصد بڑھتی ہوئی قیمتوں میں کمی اور ملکی معاشی صورت حال میں بہتری کی حوصلہ افزائی ہے۔مودی سرکار کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ناصرف اس کی کھپت میں اضافہ ہو گا بلکہ مہنگائی کی شرح بھی کم ہو گی جس سے مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس طبقے کو فائدہ ہو گا۔خیال رہے کہ اس کے برعکس پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں ، وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز قوم سے خطاب میں پٹرول مزید مہنگا ہونے کی نوید سنائی تھی ۔