اسلام آباد (این این آئی) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پٹرول چار روپے،ہائی اسپیڈ ڈیزل دو روپے، مٹی کا تیل سات روپے پانچ پیسے اور لائٹ ڈیزل 8روپے 82پیسے مہنگا ہوگیا۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 127روپے 30پیسے ہوگئی،اس سے پہلے پٹرول123روپے 30پیسے فی لیٹر دستیاب تھا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈڈیزل کی قیمت میں دو روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد اب 122روپے چار پیسے فی لیٹر ملے گا، اس سے پہلے ہائی سپیڈ ڈیزل 120روپے چار پیسے فی لیٹر دستیاب تھا، اسی طرح مٹی کے تیل میں سات روپے پانچ پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد مٹی کی نئی قیمت 99روپے 31پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 8روپے 82پیسے اضافہ کیا گیا،اس سے پہلے لائٹ ڈیزل 90روپے 69پیسے فی لیٹر دستیاب تھا اب لائٹ ڈیزل 99روپے 51پیسے میں ملے گا۔وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق اکتوبر کے پہلے پندرہ روز کیلئے ہوگا۔