کراچی(این این آئی)پٹرولیم مصنوعات پر ایک سال کے دوران تاریخ میں سب سے زیادہ 425 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔وزارت خزانہ کے جاری اعداد و شمار
کے مطابق حکومت نے مالی سال 2021 کے دوران پٹرولیم مصنوعات سے 425 ارب روپے کا ٹیکس وصول کیا جبکہ حکومت نے گذشتہ مالی سال پٹرولیم مصںوعات پر ٹیکس وصولی کا ہدف 450 ارب روپے رکھا تھا۔مالی سال 2020 میں پٹرولیم مصنوعات سے 295 ارب روپے جبکہ مالی سال 2019 میں 206 ارب روپے کا ٹیکس وصول ہوا تھا۔ دوسری جانب حکومت نے رواں مالی سال پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس وصولی کا ہدف 600 ارب روپے رکھا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس وصولی کا ہدف بڑھانے کا مطلب یہ ہے کہ رواں مالی سال پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس کی شرح میں اضافہ ہوسکتا ہے جس سے پٹرول و ڈیزل کی قیمت مزید بڑھ سکتی ہے۔