کراچی(این این آئی)سندھ میں محکمہ تعلیم کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو ہوگا،جس میں کورونا صورتحال دیکھ کر تعلیمی ادارے کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں اسکول کب تک بند رہیں گے ؟ وزیراعلی سندھ اور محکمہ تعلیم کے متضاد بیانات نے بچوں اور والدین کو الجھن میں ڈال رکھا ہے، محکمہ تعلیم نے اسکول
کھولنے کے فیصلے کو ورکنگ کمیٹی کے فیصلے سے مشروط کردیا ہے۔ترجمان وزیر تعلیم سندھ کے مطابق محکمہ تعلیم کی ورکنگ کمیٹی کورونا صورتحال دیکھ کر جو فیصلہ کرے گی اس کے مطابق نیا نوٹی فکیشن جاری کر دیا جائے گا۔سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم نے اسکولز تاحکم ثانی بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے جس کا محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی اور محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ بھر کے نجی و سرکاری اسکول اور کالجز تاحکم ثانی بند رہیں گے، کالجز میں بورڈز کی جانب سے جاری شیڈول کے تحت امتحانات ہوں گے، کالجز کی بندش کے دوران کالج پرنسپل کو کالج کی صفائی ستھرائی کے لئے ضروری عملے کو طلب کرنے کی اجازت ہے۔دوسری جانب وزیراعلی سندھ نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتہ بند رہیں گے۔اس سے قبل وزیر بورڈز اور جامعات بھی ایک ہفتے تک
صوبے کی جامعات بند رکھنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ترجمان وزیر تعلیم سندھ کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہوگا، اجلاس میں کورونا صورتحال دیکھ کر تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔صوبے میں کورونا کے پھیلائو میں تیزی آئی تو، یہی نوٹی فکشن نافذ العمل ہوگا۔