گلگت ٗاسلام آباد(این این آئی)گلگت میں رات بھر بارش کے بعد شہرکے تینوں نالہ جات میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔گلگت کے جوٹیال نالہ، برمس نالہ اور نوپورہ نالہ میں سیلاب آگیا ہے، جوٹیال نالے میں سیلاب کے باعث متعدد مکانات اور مویشی سیلابی ریلے کی زد میں آگئے۔سیلابی ریلے سے باب گلگت
کے قریب معطل ٹریفک 3 گھنٹے بعد بحال ہوگئی۔ برمس اورنوپورہ نالہ کاسیلابی پانی متعددگھروں اورمویشی خانوں میں داخل ہوگیا، سیلاب کے بعد لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔دوسری جانب چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا تیسرا اسپیل جاری ہے، یہ اسپیل 31 جولائی سے 3 اگست تک جاری رہے گا۔ایک بیان میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں معمول سے زیادہ 60 سے 70 فیصد بارشیں ہوئیں، زیادہ بارشوں سے قراقرم ہائی وے کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ زیادہ بارشوں سے رابطہ سڑکوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے، ابھی تک 26 خاندانوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز گلگت کے ایک نالے میں طغیانی آنے کے بعد ایف سی جی بی کے دستوں نے ریسکیو آپریشن کیا۔