کراچی (این این آئی)پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن نے ملک سے باہر جانے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں شرجیل میمن نے مؤقف
اختیار کیا کہ صاحبزادی کا امریکا کی یونیورسٹی میں داخلہ ہو گیا ہے، باپ کی حیثیت سے یونیورسٹی کے پہلے دن بیٹی کو چھوڑنے کے لیے جانے کی خواہش ہے۔شرجیل میمن نے درخواست میں کہا کہ ملک سے باہر جانے کی اجازت کیلئے شرائط تسلیم کرنے کے لیے تیار ہوں، 15 اگست کو ایک بار ملک سے باہر جانے کی اجازت دی جائے۔عدالت نے شرجیل میمن کی درخواست پر نیب پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 اگست تک جواب طلب کر لیا اور ان کے وکیل کو درخواست کی کاپی نیب پراسیکیوٹر کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔خیال رہے کہ شرجیل میمن کے خلاف آمدن سے اثاثے بنانے اور غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس دائر ہیں، رکن سندھ اسمبلی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانتیں حاصل کر رکھی ہیں۔