اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے مزید سنگ میل عبور کر لیے ہیں اور جمع کرائی جانےوالی رقوم ڈیڑھ ارب ڈالر سے بڑھ گئی ہیں۔ اتوار کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک سے خوشخبری ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے مزید سنگ میل عبور کرلئے ہیں۔جمعہ کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں رقوم ڈیڑھ ارب ڈالر سے بڑھ گئیں جبکہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری 1 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اکاؤنٹس اور ڈیپازٹس نے 2 ماہ قبل کے ایک ارب ڈالر کے ایونٹ کے بعد سے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں جمع ہو نے والی رقوم کی ماہانہ تفصیلات بھی شیئر کی ہیں، جن کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ستمبر 2020میں 6 ملین ڈالر جمع ہوئے جو اکتوبر میں 42ملین ڈالر،نومبر میں 110ملین ڈالر،دسمبر میں 250 ملین ڈالر،جنوری 2021 میں 418 ملین ڈالر،فروری میں 594 ملین ڈالر،مارچ میں 806 ملین ڈالر،اپریل میں1055 ملین ڈالر،مئی میں 1261 ملین ڈالر اور 25جون تک 1503 ملین ڈالر ہو گئے۔