اسلام آباد( آن لائن )پاکستان میں اگرچہ میوزک اور کامیڈی ریئلٹی شو ٹیلی وڑن پر پیش ہوتے رہے ہیں لیکن جلد ہی شائقین ملک کا پہلا ملٹری ریئلٹی شو بھی چھوٹی اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔میزبان، اداکار و گلوکار فخر عالم نے اپنی ٹوئٹ میں ملک کے پہلے ملٹری ریئلٹی شو کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے
مداحوں کو بتایا کہ جلد ہی شائقین شو کو ٹی وی اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔ فخر عالم کے مطابق ملک کے پہلے ریئلٹی شو کو پاکستان ٹیلی وڑن (پی ٹی وی) اور نجی ٹی وی پر بیک وقت نشر کیا جائے گا لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ شو کو کب سے نشر کیا جائے گا۔فخر عالم نے ریئلٹی شو کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے شو کی عکس بندی کو زندگی کا سب سے مشکل ٹاسک بھی قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے عکس بندی کے دوران حقیقی ہیروز کی جرات کو قریب سے دیکھا۔فخر عالم کی جانب سے ریئلٹی شو کو جھلکیاں شیئر کیے جانے کے بعد سینئر اداکار اعجاز اسلم اور فیصل قریشی سمیت کرکٹر اور دیگر اداکاروں نے بھی شو کی جھلکیوں کو ٹوئٹ کیا اور بتایا کہ وہ پہلے فوجی ریئلٹی شو کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔