کراچی (این این آئی)’ماں صدقے‘ ڈرامے سے اداکاری کا آغاز کرنے والی اداکارہ حرا سومرو کے مطابق ان کے مقبول ڈرامے دیکھنے کے بعد جب ان کے مرد مداحوں کو معلوم ہوا کہ وہ شادی شدہ ہیں تو وہ انہیں سوشل میڈیا پر میسیج کرکے پوچھتے ہیں کہ انہوں نے جلدی شادی کیوں کرلی؟حرا سومرو نے اگرچہ چند سال قبل ہی اداکاری کا
آغاز کیا تھا، تاہم انہیں مقبولیت حال ہی میں نشر ہونے والے ڈراموں ’چپکے چپکے‘ اور ’خدا اور محبت 3‘ سے ملی۔حرا سومرو نے اداکاری سے قبل دوران تعلیم ہی ماڈلنگ شروع کی تھی اور اداکاری سے قبل ہی وہ شادی کر چکی تھی اور وہ ایک بچی کی ماں بھی بن چکی تھیں۔تاہم کم عمر ہونے کی وجہ سے زیادہ افراد کو لگتا تھا کہ شاید حرا سومرو غیر شادی شدہ ہیں، تاہم جب ان کی مقبولیت بڑھنے لگی اور میڈیا میں ان کی شادی کی خبریں بھی آئیں تو بقول ان کے ان کے مداح مایوس بھی ہوئے۔حال ہی میں ‘فوچیا میگزین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں حرا سومرو نے بتایا کہ اداکاری سے قبل ہی وہ ایک بچی کی ماں بن چکی تھیں اور حال ہی میں ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش بھی ہوئی ہے۔حرا سومرو نے بتایا کہ ان کی بیٹی ’جیسا‘ کی عمر 4 سال ہے جب کہ ان کے بیٹے موسیٰ کی عمر ابھی دو ماہ ہے۔اداکارہ کے مطابق کیریئر کے آغاز میں جہاں مداح ان کی شادی سے بے خبر تھے، وہیں انڈسٹری کے بہت سارے افراد کو بھی ان کی شادی اور بچوں سے متعلق کوئی معلومات نہیں تھی اور زیادہ تر لوگ انہیں غیر شادی شدہ سمجھتے تھے۔اداکارہ نے بتایا کہ اب جب لوگوں کو معلوم ہو چکا ہے کہ وہ شادی شدہ ہیں، تب ان کے مرد مداح مایوسی کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں اور ان کی سوشل میڈیا پوسٹس میں بھی کمنٹس کرکے ان
سے پوچھتے ہیں کہ انہوں نے جلدی شادی کیوں کی؟حرا سومرو کا کہنا تھا کہ وہ اپنی سوشل میڈیا پوسٹس پر مرد مداحوں کے اپنی شادی سے متعلق کمنٹس پڑھ کر مزے لیتی رہتی ہیں جب کہ کوئی مرد مداح ان سے سوشل میڈیا پر محبت کا اظہار کرے یا شادی کی خواہش ظاہر کرے تو ان سے پہلے ان کے شوہر ہنس پڑتے ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا
کہ مرد مداحوں کی جانب سے محبت کا اظہار کرنے یا شادی کی خواہش پر ان کے شوہر ہلکی آواز میں ایسے لوگوں کو کہتے ہیں کہ وہ پاگل ہیں اور انہیں حرا کا کچھ پتہ ہی نہیں۔شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ ان کی شادی کزن سے ہوئی ہے، تاہم شادی سے قبل ان کے درمیان محبت ہوگئی تھی، لیکن ایک ہی خاندان سے ہونے کی وجہ سے رشتہ طے ہوا تو زیادہ تر لوگوں کو لگتا ہے کہ ہم نے خاندان کی مرضی سے شادی کی۔