اسلام آباد (این این آئی) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے رنگ روڈ راولپنڈی منصوبہ میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی بد عنوانی،بے ضابطگیوں اور غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن کا نوٹس لیتے ہوئے نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ رنگ روڈ راولپنڈی منصوبہ کی تحقیقات بلا
امتیاز،میرٹ اور شفاف انداز میں قانون کے مطابق کی جا ئیں جس میں مذکورہ منصوبہ کے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کا جائے تاکہ ان کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔پیر کو جار ی اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب نے کہاکہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر سختی سے قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے پاس بد عنوان عناصر کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ،فیک بینک اکاؤنٹس، آمد ن سے زائد اثاثے، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے ذریعے قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔نیب نے گزشتہ تین سال میں بد عنوان عناصر سے 490ارب روپے جبکہ اپنے قیام سے اب تک 790ارب روپے بلاواسطہ اور بالواسطہ بر آمد کیے جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔چیئرمین نیب نے کہاکہ نیب کا تعلق کسی پارٹی،گروپ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔نیب ملک اور قوم کی دولت لوٹنے والے بد عنوان عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہے۔