سرگودھا(آن لائن)ضلع بھر میں بھٹہ خشت مالکان نے ایکا کر کے راتوں رات موسم کو جواز بنا کر اینٹوں کی فی ہزار قیمت میں 14فیصد تک از خود اضافہ کر دیا، جبکہ غفلت کا شکار انتظامیہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے ، ذرائع کے مطابق قبل ازیں اینٹ کی فی ہزار قیمت68سو روپے تک تھی، مگربھٹہ مالکان نے ایکا کر کے اچانک اس میں ایک ہزار روپے تک اضافہ کر دیا، بعض مقامات پر آٹھ سو روپے اضافہ دیکھنے میں آیا ، اینٹوں کی قیمت میں اضافہ کے باعث نجی شعبہ کے
ساتھ ساتھ سرکاری طور پر تعمیراتی امور شدید متاثر ہوئے ہیں، دوسری جانب انتظامیہ خواب غفلت کے مزے لے رہی ہے ، اور اینٹوں کی بلیک میں فروخت کا سلسلہ بھی چل نکلا ہے ، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سرگودھا میں امسال بارشیں دیگر علاقوں کی نسبت انتہائی کم ہوئی ہیں،اس کے باوجودموسم کو جوا ز بنا کر خود ساختہ اضافہ کو شہریوں نے غیر قانونی اور غریب طبقے پر کاری ضرب قرار دیتے ہوئے حکومت پنجاب سے نوٹس لے کر فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔