پانی کی آمد میں خطرناک حد تک کمی، کہاں پانی کی فراہمی بند ہونے کا امکان ہے؟ انتہائی سنسنی خیز انکشاف سیالکوٹ (آئی این پی )ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمدمیں بتدریج کمی،38ہزار کیوسک ریکارڈ،نہر مرالہ راوی لنک کو پانی کی فراہمی میں 4ہزار کیوسک کی کمی، 63 سپل وے بند ،ہیڈ خانکی کو پانی کی فراہمی بند ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ہیڈ مرالہ کے
سنگم دریائے چناب دریائے جموں توی، دریائے مناور توی میں پانی کی آمد38ہزار396کیوسک ریکارڈ جبکہ ہیڈ خانکی کیلئے اخراج10ہزارکیوسک ریکارڈ جارہی ہے۔دریائے جموں توی میں4657، دریائے مناور توی میں 1652کیوسک،دریائے چناب میں پانی کی آمد32ہزار87کیوسک پانی ریکارڈ کیا جارہاہے۔ جس کی بناء پر ہیڈ مرالہ کے 66میں سے 63 سپل وے بند کردئیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پانی کی آمد میں شدید کمی کے باعث ہیڈ خانکی کو ہیڈ مرالہ سے پانی کی فراہمی بند ہونے کا امکان ہے جس سے ہیڈ خانکی ،ہیڈ قادر، ہیڈ رسول، ہیڈ تریموں سے برآمد ہونے والی نہروں سے پانی کی فراہمی معطل ہو جائیگی۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق نہرا پر چناب کو18ہزار کی بجائے 14100کیوسک، نہر مرالہ راوی لنک کو22ہزار کی بجائے 14296کیوسک پانی فراہم کیا جارہاہے۔ محکمہ انہار کے مطابق نالہ ڈیک میں کنگرہ کے مقام پر112کیوسک، نالہ ایک میں اوورا کے مقام پر 223کیوسک،نالہ پلکھو میں عسکری کے مقام پر 329کیوسک ،نالہ بھیڈ میں مراد پور کے مقام پر 145کیوسک پانی ریکارڈ کیا جارہاہے۔