کھٹمنڈو(مانیٹرنگ ڈیسک) نیپال کے ایک ریسٹورنٹ میں روبوٹس نے ویٹرز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں، گاہکوں کو کھانے دینے والے مشینی ویٹر توجہ کا مرکز بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں واقع جنجر ریسٹورنٹ میں آنے والے روبوٹ ویٹر گاہکوں کو اُن کی مرضی کا کھانا دے رہے ہیں اور وہ اُن سے بات چیت بھی کرتے ہیں۔ ریسٹورنٹ کی ٹیبل پر بیٹھنے کے بعد روبوٹس آکر آپ کے سامنے کھانا کا مینیو پیش کردیتا ہے، گاہک اپنی مرضی کے مطابق نشان لگاتا ہے جس کے بعد وہ آرڈر لے کر
پہنچ جاتا ہے۔ لوگوں سے باتیں کرنے والے انسان دوست ’مشینی ویٹر‘ کا قدر 5 فٹ ہے اور اس کے سامنے دو ریک لگائے گئے جن پر کھانا رکھا جاتا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق روبوٹس آنے والے گاہکوں کو نہ صرف خوش آمدید کہتا ہے بلکہ انتہائی پھرتی سے اپنے ویٹرز کے فرائض بھی مہارت کے ساتھ انجام دے رہا ہے۔ ہوٹل کے مالک کا کہنا ہے کہ ’پہلی بار روبوٹ ویٹرز کو دیکھنے کے لیے لوگ بڑی تعداد میں ریسٹورنٹ آرہے ہیں اور انہیں اس سے بات کرنے میں بہت مزہ آتا ہے، اس اقدام سے سروس بہت اچھی ہوگئی‘۔