اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پکچر شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام پر ایک نیا فیچر سامنے آیا جہاں صارفین ایک دوسرے سے کوئی بھی سوال پوچھ سکتے ہیں، تاہم یہ فیچر بہت سے صارفین کے لیے مسائل کا باعث بن گیا۔ یہ فیچر انسٹاگرام پر اسٹوریز شیئر کرنے کے فیچر کے ساتھ سامنے لایا گیا۔ اس کا استعمال کرنے والے چند صارفین نے اپنے دوستوں سے یہ سوچتے ہوئے سوال کیا کہ انسٹاگرام ان کی شخصیت کو چھپایا جائے گا، اور ایسا سوچتے ہوئے انہوں نے اپنے دوستوں سے ایسے سوالات کیے جو وہ عام صورتحال میں نہیں کر
سکتے تھے۔ تاہم بعدازاں ان پر یہ انکشاف ہوا کہ سوالات کرتے ہوئے سوال کے ساتھ ان کا نام بھی سامنے آیا، جس پر کئی صارفین نے انسٹاگرام اکاؤنٹ ہی ڈیلیٹ کرنے کا اعلان کردیا۔ اس فیچر کو سامنے لانے کا مقصد لوگوں کو ایک دوسرے سے زیادہ رابطہ کرنے اور ایک دوسرے کے بارے میں جاننے کے لیے حوصلہ دینا تھا، تاہم ہو کچھ اور ہی گیا۔ اگر انسٹاگرام اس فیچر کو لانے سے قبل کسی قسم کا اعلان کرتا تو شاید صارفین کو اس مشکل کا سامنا کرنا نہیں پڑتا۔ دوسری جانب انسٹاگرام نے اب تک اس غلطی پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔