اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ترقی یافتہ ممالک میں تو روبوٹ اور مشینوں کی عوامی مقامات پر تعیناتی کوئی نئی بات نہیں مگر پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں روبوٹ کی بطور ویٹر تعیناتی نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے شہر ملتان کے ایک پزا ہوٹل میں روبوٹ ویٹرز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کے ریسٹورنٹ میں تعینات کئے گئے روبوٹس نہ صرف گاہکوں کو خوش آمدید کہتے ہیں بلکہ انتہائی
پھرتی سے بطور ویٹرز اپنے فرائض بخوبی انجام دیتے ہیں۔ گاہوں کو پیزا سرو کرتے دونوں روبوٹس ہر ایک کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور لوگ خاص طور پر روبوٹ ویٹرز کی وجہ سے اس ریسٹورنٹ کا رخ کر رہے ہیں۔ پاکستان کے ایک ریسٹورنٹ میں روبوٹ ویٹرز کی دھوم بین الاقوامی میڈیا تک بھی پہنچ چکی ہے اور ملتان کے پیزا ریسٹورنٹ میں روبوٹ ویٹرز کی تصاویر کئی بین الاقوامی جرائد اور الیکٹرانک میڈیا پر نشر ہو رہی ہیں۔