اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں داتا دربار کے مرکزی دروازے کے قریب ایک افسوسناک واقعے کی اطلاع ملی ہے، جہاں ایک کھلے مین ہول میں گرنے کا حادثہ پیش آیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ایمرجنسی کال موصول ہونے پر بتایا گیا کہ ایک خاتون اپنی کم سن بچی کے ساتھ گٹر میں جا گری ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ماں بیٹی کی تلاش اور امدادی کارروائی شروع کر دی گئی۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق مین ہول میں گرنے والی خاتون کا نام سعدیہ بتایا گیا ہے، جبکہ ان کے ہمراہ ان کی تقریباً 9 ماہ کی ننھی بچی بھی موجود تھی۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پیدا ہو گئی ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔















































