اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف ٹی وی میزبان اور صحافی اقرار الحسن اور ان کی اہلیہ عروسہ خان ایک بار پھر میڈیا اور سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ اس مرتبہ وجہ عروسہ خان کی جانب سے شوہر کے دیے گئے مہنگے تحائف کا تذکرہ اور ان کی نمائش بنی، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا مگر زیادہ تر تنقیدی ردعمل سامنے آ رہا ہے۔حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران عروسہ خان نے ان تحائف کا ذکر کیا جو انہیں اقرار الحسن کی جانب سے دیے گئے۔ ان کے مطابق انہیں قیمتی ملبوسات، زیورات، مہنگی گھڑیاں، ڈیزائنر کوٹس، جدید فیشن کے چشمے، انگوٹھیاں، بالیاں اور نیا ماڈل آئی فون 17 پرو تحفے میں ملا ہے۔ انہوں نے نہ صرف ان اشیاء کا نام لیا بلکہ بعض تحائف کی قیمتوں کا بھی عندیہ دیا، جس کے بعد یہ گفتگو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔اس بیان کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آئیں۔
کئی افراد نے اس عمل کو غیر ضروری دکھاوا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذاتی زندگی اور تحائف کو عوامی سطح پر بیان کرنا مناسب نہیں۔ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ ازدواجی زندگی میں سادگی اور توازن زیادہ اہم ہوتا ہے اور عام لوگ محدود وسائل میں زندگی گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔دوسری طرف کچھ صارفین نے طنز و مزاح کا سہارا لیتے ہوئے تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ اتنی رقم میں کوئی شخص کئی شادیاں کر سکتا ہے، جبکہ دیگر نے بھی اسی نوعیت کے جملوں کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ تاہم چند افراد نے عروسہ خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے پاس استطاعت ہو تو مہنگے تحائف دینا اور لینا ان کا ذاتی حق ہے۔یاد رہے کہ عروسہ خان اقرار الحسن کی تیسری اہلیہ ہیں، جن سے ان کی شادی اکتوبر 2023 میں ہوئی تھی۔ اقرار الحسن کی پہلی شادی 2006 میں قرۃ العین سے ہوئی، جن سے ان کا ایک بیٹا پہلا حسن ہے۔ بعدازاں انہوں نے 2012 میں میڈیا سے وابستہ شخصیت فرح یوسف سے نکاح کیا، جسے کئی برس تک منظرِ عام پر نہیں لایا گیا۔















































