لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کور کمانڈر ہاؤس لاہور پہنچ گئے، جہاں انہوں نے عسکری قیادت سے ملاقات اور اظہار یکجہتی کیا۔نجی ٹی وی ایکسپریس کے مطابق ذرائع کے مطابق وزیراعظم دورۂ جناح ہاؤس کے بعد سروسز اسپتال پہنچے
جہاں انہوں نے گزشتہ دنوں جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے دوران زخمی ہونے والے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر سمیت دیگر زخمی اہل کاروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر وزیراعظم نے زخمی افسران اورجوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے تحمل اوربرداشت کا مظاہرہ کر کے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ قوم کو آپ پر فخر ہے۔ آپ قوم کے ہیرو ہیں،جنہوں نے سیاسی جتھے کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے آپ نے جذبے اورعزم سے فرائض سرانجام دیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جلاؤ، گھیراؤ اور پولیس فورس پر پتھراؤ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔