لاہور ( این این آئی) مقامی عدالت کے جج نے عمران خان کو تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے لئے درخواستیں چیف جسٹس کو بھجوادیں،عدالت کا کہنا ہے کہ درخواستوں کو سماعت کے لئے 5رکنی فل بینچ کے روبرو پیش کیا جائے۔
مقامی عدالت کے جج جسٹس رضا قریشی نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے سے متعلق ایک ہی نوعیت کی دو درخواستوں پر سماعت پر اپنا حکم جاری کردیا۔جسٹس رضا قریشی نے عمران خان کو پاکستان تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کیلئے درخواستیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیں۔ جس میں کہا گیا ہے کہ درخواستوں کو سماعت کے لئے 5 فل بینچ کے روبرو پیش کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا 5 رکنی فل بینچ اس حوالے سے دیگر درخواستوں پر سماعت کر رہا ہے، مناسب ہے ان درخواستوں کو بھی اسی بینچ میں کارروائی کے لئے پیش کیا جائے۔لاہور کے شہری جنید اور وکیل آفاق احمد نے پی ٹی آئی چیئرمین کیخلاف درخواستیں دائر کی ہیں، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کی توشہ خانہ میں نااہلی کے بعد انہیں پارٹی کی صدارت سے ہٹایا جائے، نواز شریف کو بھی نااہلی کے بعد پارٹی صدرات سے ہٹایا گیا تھا۔