اسلام آباد( نیوز ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر زمان پارک میں حالات کشیدہ ہوگئے ہیں، کارکنان نے کینال روڈ بلاک کردی، پولیس اہلکاروں کے پہنچنے پر انہیں بھی واپس بھگا دیا گیا، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کارکنان اور ٹکٹ ہولڈرز کو لبرٹی پہنچنے کی ہدایت کردی جبکہ مراد سعید نے کارکنان سے پاکستان بھر میں جہاں بھی ہیں، وہیں پہنچنے کی اپیل کردی۔
نجی ٹی وی نیوز کے مطابق عمران خان کی اسلام آباد میں گرفتاری کے بعد لاہور میں رہائش گاہ زمان پارک میں ہنگامی حالات پیدا ہو گئے، کارکنان بڑی تعداد میں اکٹھے ہو گئے، پولیس کو بھگا دیا اور کینال روڈ کو بلاک کر دیا۔تحریک انصاف کے رہنماوں کی جانب سے احتجاج کی کالیں دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔پارٹی رہنما یاسمین راشد نے کارکنان کو لاہو رکے لبرٹی چوک میں مظاہرے کی ہدایت جاری کر دی۔ادھر اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے کو پی ٹی آئی کارکنان نے بلاک کر دیا جبکہ مراد سعید نے بھی کارکنان کو احتجاج کے سلسلے میں گھروں سے باہر نکلنے کی ہدایت کی ۔
واضح رہے کہ عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے رینجرز اہلکاروں نے حراست میں لیا، ان کو نیب کے زیر تحقیقات القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا۔ عمران خان کی گرفتاری کے موقع پر وکلا نے مزاحمت بھی کی جس دوران کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔