کراچی (این این آئی) بلدیاتی ضمنی الیکشن کے بعد کراچی سے پیپلز پارٹی کو 49، جماعت اسلامی کو 42 جب کہ تحریک انصاف کو 20 مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے۔گزشتہ روز کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی الیکشن ہونے کے بعد بلدیاتی الیکشن کا عمل پورا ہوگیا۔
کراچی سے پیپلز پارٹی کو 98 یوسیز میں کامیابی کے بعد پہلی پوزیشن حاصل ہوگئی ہے اور اکثریت کی بنیاد پر اسے مجموعی طور پر 40 مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کو کراچی سے خواتین کی 32، نوجوان، مزدور، اقلیت کی پانچ پانچ جب کہ معذور اور خواجہ سرا کوٹے پر ایک ایک نشست ملنے کا امکان ہے۔
اسی طرح جماعت اسلامی جو 86 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اس کو خواتین کوٹے پر 28، نوجوان، مزدور اور اقلیت کی چار چار اور معذور و خواجہ سرا کوٹے پر ایک ایک مخصوص نشست مل سکتی ہے۔کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں تیسری بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف ہے جس کی بلدیہ عظمی میں حاصل کردہ نشستوں کی مجموعی تعداد 41 ہے اور اس کے حصے میں مجموعی طور پر 2 مخصوص نشستیں آسکتی ہیں۔مسلم لیگ ن نے بھی کراچی سے سات نشستیں جیت رکھی ہیں اور اسے ان نشستوں کی بنیاد پر خواتین کی دو مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے۔