لاہور (نیوز ڈیسک )پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفرڈ گرناس ملتان کی تہذیب و ثقافت کے دلدادہ نکلے، ملتان میں نامور صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی سے ملاقات میں باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کا عندیہ دے دیا۔ سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان و ڈیرہ غازی خان اور نامور صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی سے ملاقات کے دوران جرمن سفیر الفرڈ گرناس نے
ملتان کی تاریخی عمارات اور مزارات کے فن تعمیر کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدیوں پرانے مزارات کی عمارتیں آج بھی انسان کو مسحور کر دیتی ہیں۔ اولیاء کرام اور صوفیاء حضرات کی اہل ملتان کے لئے خدمات انتہائی متاثر کن ہیں۔ جرمن سفیر الفرڈ گرناس کا کہنا تھا کہ جرمنی نے 11 سال بعد ملتان میں مسعود میٹرو مال میں مسعود سٹور سے باہمی سرمایہ کاری کا آغاز کیا۔ ملتان میں سرمایہ کاری کا یہ فیصلہ ہر لحاظ سے قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان آمد کا مقصد سرمایہ کاری کی ترغیب ہے۔ جرمن سرمایہ کاروں کو پاکستان کے نئے پراجیکٹس سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے تاکہ جرمنی بھی سی پیک پراجیکٹ کا حصہ بن سکے۔ ملتان و ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر خواجہ جلال الدین رومی نے جرمن سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جرمن سرمایہ کاری دیگر یورپی ممالک کے سرمایہ کاروں کیلئے قابل تقلید ہے۔ ماضی میں بھی پاکستان کو جی ایس پی پلس گریڈ دلانے کیلئے جرمنی نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ خواجہ جلال الدین رومی نے رواں سال ختم ہونے والی جی ایس پی پلس کی توسیع کیلئے یورپی یونین سے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس کی توسیع کیلئے جلداز جلد ورکنگ مکمل کرنا پاکستانی کاروباری اداروں کیلئے باعث اطمینان ہوگا۔ خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ دور حاضر میں سیاسی روابط کے ساتھ ساتھ معاشی تعلقات بھی اہمیت رکھتے ہیں تاکہ کاروبار کے نئے مواقع سامنے آئیں۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں کاروبار کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔ نئی انڈسٹریز کے قیام سے ملتان مستقبل قریب میں کمرشل سنٹر بنے گا جہاں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار مستفید ہو سکیں گے۔ خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے نجی سیکٹر میں معاشی سرگرمیوں کا فروغ ضروری امر ہے۔
پاکستان جرمنی کے ساتھ تجارتی روابط کے فروغ اور سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے جس سے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ بعد ازاں جرمن سفیر الفرڈ گرناس نے مسعود فیبرک لمیٹڈ کا دورہ کیا اور اس کے معیار کو سراہا۔ جرمن سفیر نے جلال الدین رومی فاؤنڈیشن کی طرف سے جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں صاف پانی کی فراہمی، نادار لوگوں کو اشیاء خورد و نوش کی ترسیل کو بھی سراہا۔