اسلام آباد (این این آئی)ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ یو اے ای کے صدر کے دورے کے دوران وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں، ریڈ زون اور ایکسپریس ہائی وے پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے عوام کو غیر ضروری نقل و حرکت
سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی، سکیورٹی چیکنگ کے دوران بھی پولیس سے تعاون کی اپیل کی ہے۔شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورے کے دوران جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس محدود رہے گی، آئی جے پی سے سیکرٹریٹ تک دن 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک سروس بند رہے گی۔راولپنڈی سیکشن میں میٹرو بس سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی، اس کے علاوہ پاکستان فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے بھی وفاقی تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا ہوا ہے۔اسلام آباد میں سی ڈی اے، ایس این جی پی ایل، آئیسکو اور ہسپتال کے عملے کو چھٹی نہیں ہوگی، ضلعی انتظامیہ اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا سٹاف بھی پیر ڈیوٹی پر موجود ہو گا۔واضح رہے یو اے ای کے صدر 25 جنوری سے پاکستان کے نجی دورے پر رحیم یار خان میں موجود ہیں، پیر 30 جنوری کو اسلام آباد پہنچ کر وہ سرکاری سطح پر ملاقاتیں کریں گے۔