بنی گالہ سے سکیورٹی ہٹانے پر اسلام آباد پولیس کی وضاحت آگئی
اسلام آباد(آئی این پی)اسلام آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ سے سیکیورٹی ہٹانے کے معاملے پر اسلام آباد پولیس کی وضاحت سامنے آگئی۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ سابق وزیراعظم کی غیرموجودگی میں وفاق یا دیگر صوبوں کی پولیس تعینات نہیں کی جاسکتی۔ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ بنی گالہ میں سابق وزیراعظم کی نجی رہائش گاہ ہے، عمران خان پچھلے کئی ماہ سے اسلام آباد میں مقیم نہیں، ان کی غیرموجودگی میں اسلام آباد یا دیگر صوبوں کی پولیس نہیں لگائی جا سکتی۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان گزشتہ کئی ماہ سے لاہور کے زمان پارک میں رہائش پذیر ہیں، جہاں ان کی سیکیورٹی پر پنجاب پولیس کے اہلکار تعینات ہیں۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت نے بھی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیکیورٹی کیلئے بھیجے گئے کے پی پولیس کے اہلکار واپس بلالئے ہیں، زمان پارک میں صوبے کے 50 اہلکار تعینات تھے۔