اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صحافی اعزازسیدروزنامہ جنگ میں اپنے کالم ”سب خواب ہے ؟” میں تحریرکرتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ معاملے میں پاک فوج کی ایک کلیدی حیثیت ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے دور میں تحریک انصاف
حکومت کی زیادہ توجہ نواز شریف اور زرداری کی سیاست ہے لیکن پس پردہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ بھارت کے ساتھ امن کے لئے کردار ادا کررہے ہیں۔ اس عمل میں ماضی میں امریکہ کردار ادا کرتا تھا مگر اب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اس عمل کے سہولت کار ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان آئی ایس آئی اور را کے باہمی روابط استوار ہیں اور دونوں ملکوں کی افواج نے سیز فائر بھی کردیا ہے یہی وجہ ہے کہ رواں مارچ میں دونوں ملکوں کی سرحد پر ایک گولی بھی نہیں چلی۔ لگتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کورونا سے صحت یابی کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کا اہتمام بھی ہو جائے گا۔ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان باہمی اعتماد اگر کوئی مثبت نتائج دے سکتا ہے تو وہ امن ہی ہے اور اگر ایسا ہو گیا تو خطہ بھی معاشی طور پر مستحکم ہو گا لیکن اس سارے عمل میں چیلنجز بہت بڑے ہیں کچھ دکھ رہے ہیں اور کچھ نظروں سے اوجھل۔