اسلام آباد (این این آئی، اے پی پی)ملک بھر میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہوگیا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ۔ اتوار کو محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر
میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہوگیا ہے جس کے بعد لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مظفرآبادم، ساہیوال، بورے والا ویہاڑی اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں بارش ہونے کے امکانات ہیں جس کے باعث درجہ حرارت 25ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا جبکہ پشاور سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بھی گرچ چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شمالی اور وسطی بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب، ا سلام آباد اور بالائی سندھ میں آندھی تیزہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقا مات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔