ملتان(این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف منصوبہ بندیاں بے نقاب ہو گئی ہیں، اللہ تعالیٰ پاکستان کو اندرونی انتشار سے محفوظ رکھے، جنوبی پنجاب منصوبے کی بنیاد رکھ دی ہے،ہم رہیں یا نہ رہیں،یہ منصوبہ مکمل ہو گا، جنوبی پنجاب
کا سیکرٹریٹ ملتان میں ہی قائم ہو گا۔ اتوار کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک پاکستان کو اندرونی انتشار سے محفوظ رکھے، ای یو ڈی انفولیب کے ذریعے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف منصوبہ بندیاں بے نقاب ہو گئی ہیں، ڈوزیئر کی شکل میں ہندوستان کے منصوبوں کو بے نقاب کیا اور ڈوزیئر سے بھارت کے ناپاک عزائم کی دنیا بھر میں تشہیر کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کے خلاف جو منصوبہ بندی کر رہا ہے وہ بے نقاب ہو گئی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلے گا تو روزگار مواقع پیدا ہوں گے جبکہ فیصل آباد میں اس وقت لیبر نہیں مل رہی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب منصوبے کی بنیاد رکھ دی ہے اب ہم رہیں یا نہ رہیں لیکن یہ منصوبہ مکمل ہو گا،جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ ملتان میں ہی قائم ہو گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ملتان کا مدنی چوک فلائی اوور ایک سال میں مکمل کر دیا جائے گا جس کی منظوری ہو چکی ہے۔ یہ منصوبہ 41 کروڑ 64 لاکھ روپے میں مکمل ہو گا۔ ہم معاہدوں کے وعدے نہیں ان کی تکمیل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مطالبے کے لیے احتجاج ہوئے، سڑکیں بند کی گئیں اور یہاں راستے کی بندش کی وجہ سے کاروبار متاثر ہوا،ملتان کا سب سے بڑا مسئلہ پینے کے صاف پانی کی دستیابی اور سیوریج ہے۔