کراچی (این این آئی)شہر قائد کی فضا انتہائی مضر صحت ہوگئی ہے، جس کی بنا پر کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست ہوگیا ہے۔ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق منگل کو کراچی کی فضا انتہائی مضر صحت ہے، شہر کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار351 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہیں،
جس کے باعث کراچی دنیا کےآلودہ ترین شہروں میں آج پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق بھارت کا دارالحکومت دہلی دوسرے اور کرغزستان کا شہر بشکیک تیسرے نمبر پر دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دئیے گئے ہیں۔ایئرکوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151سے200درجے تک آلودگی مضر صحت ہے جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کوظاہر کرتا ہے۔ماہرین کے مطابق اگر ہوا کے جائزے کے دوران صفر سے پچاس ڈگری تک نتیجہ سامنے آئے تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ ہوا یا ہماری فضا میں گیسوں کا تناسب بالکل درست ہے، اگر یہ درجہ پچاس سے سو کی حد تک جائے تو کہا جائے گا کہ گیسوں کی مقدار نارمل سے زیادہ ہے، لیکن یہ زمین پر موجود جانداروں کی صحت کے لیے نقصان دہ نہیں ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوا میں گیسوں کا تناسب سو سے ڈیڑھ سو کی حد تک جائے تو ان لوگوں کے لیے مسئلہ بنتا ہے جو کسی بھی قسم کی الرجی اور جسمانی کم زوری کا شکار ہوتے ہیں، اسی طرح بچوں اور عمر رسیدہ لوگ اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔