لاہور( این این آئی )معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی بونوں نے سیاسی غلامی کا طوق گلے میں ڈالا ہوا ہے، وہ لوگ بھیک کی سیٹوں پر اسمبلی میں پہنچ کر فرد واحد کی خوشنودی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی منتخب حکومت پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں جبکہ کچھ سیاسی کنیزیں راجکماری کی کرپشن کا دفاع کر رہی ہیں،
میں نے 95 ہزار ووٹ لئے ہیں جبکہ کچھ سیاسی بونے 50 ہزار ووٹ لے کر اسمبلی میں پہنچ کر عوام کی نمائندگی کا دعوی کر رہے ہیں، عوام کی نمائندگی الیکشن جیتنے سے نہیں عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے سے ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے علاقے ٹان شپ میں 35 کروڑ کی لاگت سے تیار کردہ ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بعد کارکنوں سے خطاب میں کیا۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نزیر چوہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے صوبہ کی ترقی کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ہم دونوں ہاتھوں سے کام کر رہے ہیں جبکہ گزشتہ حکومت دونوں ہاتھوں سے صرف ڈھول پیٹ رہی تھی،ہمارے ناقدین نے شو بازی سے بڑی کک بیک کیلئے منصوبے بنائے۔ انہوں نے اپنی عیاشیوں کیلئے پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ہاں گروی رکھ دیا۔ آج 35 کروڑ کی لاگت سے نذیر چوہان صاحب کے حلقے میں عوام کو سیوریج کے دیرینہ مسائل سے چھٹکارا دلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نئے پاکستان کی تکمیل میں مصروف عمل ہیں۔ 73 سال کی گندگی دو سال میں ختم نہیں ہو سکتی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ شاہی خاندان نیاپنی اجارہ داری قائم رکھنے کیلئے جاتی عمرہ میں بیٹھ کر اداروں کو کمزور کیا۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو صوبہ کا وزیر اعلی بنانے کا مقصد ایک ایسے شخص کو
اقتدار کے ایوان میں لانا تھا جو عوام کی تکلیف سے واقف ہو ۔ انہوں نے نیلسن مینڈیلا کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاستدان سیاسی میدان میں کامیابی کے لئے ہر حربہ آزماتا ہے اور الیکشن جیتنے کی کوشش کرتا ہے جبکہ لیڈر آنے والی نسل کے لئے منصوبہ بندی کرتا ہے۔ گلگت الیکشن کے حوالے سے ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ مسترد شدہ ٹولہ اقتدار میں آنے کیلئے چور دروازہ ڈھونڈ
رہا ہے اور انکی نظریں بیرونی آقاں پر ہیں ۔ پی ٹی آئی ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے انشا اللہ گلگت بلتستان میں بھی مخالفین کو چاروں شانے چت کریں گے۔ یہ لوگ بند کمروں کے اندر پاں پکڑتے ہیں اور ہابر جلسوں میں اداروں کا گریبان پکڑنے کا غلیظ پراپگنڈہ کرتے ہیں.اس وقت بھارت کی طرف سے آزاد کشمیر میں نہتے شہریوں پر گولہ باری جاری ہے اور یہاں مودی کی لابی
اسکے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ خدارا افواج پاکستان اور سکیورٹی کے اداروں کو متنازع بنانے سے گریز کریں اور ملکی سلامتی کو سیاست سے الگ رہنے دیں۔ بعدازاں معاون خصوصی نے الحمرا کلچرل سینٹر میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی اور وزیراعلی کی ہدایت پر اس عظیم الشان ہفتے کی بہترین تیاری کے احکامات دیے.