کندھ کوٹ(این این آئی) کشمور کیس کا مرکزی ملزم رفیق ملک ساتھی کی گرفتاری کے دوران پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ رفیق ملک اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنا۔ایس ایس پی کشمور امجد شیخ کے مطابق کشمور واقعہ کے مرکزی ملزم کو مفرور
ساتھی خیر اللہ بگٹی کی گرفتاری کیلئے پولیس اپنے ہمراہ سوئی لے کر گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق پولیس ملزم رفیق ملک کو دوسرے ملزم خیراللہ بگٹی کی شناخت اور گرفتاری کے لیے لے کر پہنچی تو ملزمان اور اس کے ساتھیوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ملزمان کی فائرنگ سے ان کا اپنا ساتھی رفیق ملک زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، ملزم رفیق ملک کو خیراللہ بگٹی کی نشاندہی کے لیے پولیس اپنے ہمراہ لائی تھی۔ پولیس نے دوسرے ملزم خیر اللہ بگٹی کو حراست میں لے لیاہے۔کشمور میں ماں اور 4 سالہ بچی سے افسوسناک واقعہ کے ایک ملزم کو منگل کی رات متاثرہ خاتون کی شکایت پر گرفتار کیا گیا تھا، ملزمان نے کراچی سے نوکری کا لالچ دے کر بلوائی گئی خاتون کو بچی سمیت اغوا کرلیا تھا، انتظامیہ کے مطابق کشمور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کی شکار بچی چند گھنٹوں کیلئے ہوش میں آئی مگر دوبارہ حالت بگڑنے پر اسے چانڈکا اسپتال کے چلڈرن ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سندھ حکومت نے چار سالہ بچی کو اچانک کراچی روانہ کردیا، ماں بھی ایمبولینس میں بچی کے ہمراہ ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماں اور بیٹی کو کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔