گوجرانوالہ (این این آئی)مہنگی ترین شادی کی تقریب پر ایف بی آر نے صنعتکار کو نوٹس بھیج دیا۔گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر ممتاز صنعت کار کی بیٹی کی شادی پر اخراجات کے خوب چرچے ہو رہے تھے جس پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے نوٹس لے لیا۔ایف بی آر نے صنعت کار شیخ محمود اقبال کو نوٹس جاری کر دیا، تقریب میں پرفارم کرنے والے گلوکار راحت فتح علی خان اور
عاطف اسلم کو ہونے والی ادائیگیوں کے بارے میں بھی وضاحت مانگ لی۔ایف بی آر نے صنعت کار شیخ محمود اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 نومبر تک جواب طلب کیا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق شادی کی تقریبات 5 سے 7 نومبر تک لاہور میں ہوئیں اور اس پرتعیش شادی پر غیر معمولی اخراجات ہوئے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر مختلف نیوز ویب سائیٹس نے دعویٰ کیا ہےکہ شادی کی تقریب پر 200کروڑ کے اخراجات آئے ہیں ۔ جبکہ کچھ نے کہا ہے کہ 80کروڑ کا خرچہ ہوا۔اصل حقائق جانے کیلئے فیڈرل بورڈ ریونیو (ایف بی آر) نے شادی کی تقریبات پر ہونے والے اخراجات کی تمام تفصیلات مانگ لیں ہیں ۔جبکہ شادی کا خوب چرچا سوشل میڈیا پر بھی ہوا،سوشل میڈیا پر اس شادی کی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آنے کے بعد لوگوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیا گیا۔ زیادہ تر لوگوں کی جانب سے اتنی مہنگی تقریب کے انعقاد پر تنقید کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر اور خبروں کے بعد اب ایف بی آر نے اس حوالے سے نوٹس لے لیا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے ماسٹر ٹائلز کمپنی کے حکام کو نوٹس جاری کر کے اس شادی کی تقریب کے اخراجات کے حوالے سے جواب طلب کیا گیا ہے۔ نوٹس گوجرانوالہ کے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔