اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قائداعظم کے مزار کی بے حرمتی کے پس منظر میں رونما ہونے والے آئی جی سندھ کے واقعے کی فوجی کورٹ آف انکوائری مکمل کرلی گئی ہے ، جس میں متعلقہ آفیسرز کو ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ
آئی جی سندھ واقعے میں ملوث سندھ رینجرز اور آئی ایس آئی کے افسران کو معطل کردیا گیا ہے۔پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے مطابق مزارقائد بے حرمتی معاملے پر آئی جی سندھ کے تحفظات کے حوالے سے فوج کی کورٹ آف انکوائری مکمل کرلی گئی ،آئی جی سندھ کے واقعے کی انکوائری آرمی چیف کے حکم پر کی گئی،کورٹ آف انکوائری کی سفارشات پر متعلقہ افسران کو ذمے داریوں سے ہٹادیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضابطے کی خلاف ورزی پرافسران کیخلاف کارروائی جی ایچ کیو میں کی جائے گی۔یاد رہے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی درخواست پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انکوائری کا حکم دیا تھا۔پی ڈی ایم کے کراچی جلسے کے موقع پر ہوٹل میں قیام پذیر کیپٹن (ر) صفدر کو اہلکار گرفتار کر کے لئے گئے تھے ان پر مزار قائد کی بے حرمتی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔