اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+ آن لائن) معروف صحافی صابر شاکر نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے زبردست تعلقات ہیں، انہوں نے کہا کہ جوبائیڈن کو پیپلز پارٹی کے دور میں ہلال پاکستان ایوارڈ بھی دیا گیا،
صابر شاکر نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو تعلقات بنانے میں وقت لگے گا۔ دوسری جانب جوبائیڈن کی ممکنہ جیت پر بھارت خوفزدہ ہوگیا، کہا جانے لگا کہ جوبائیڈن کے امریکی صدر بننے پر پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات مزید بہتر ہوجائیں گے، جوبائیڈن پاکستان اور کشمیریوں کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست دیکھ کر بھارت کا سکون برباد ہوگیا ہے۔ بھارت خوفزدہ ہے، جبکہ بھارتی میڈیا پر تبصرے ہونے لگے ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی جانب سے لکھا گیا کہ بائیڈن امریکی صدر بنے تو پاکستان کو خوش کیا جائے گا، کیونکہ بائیڈن کے پاکستان کے ساتھ خوشگوار اور پرانے سفارتی تعلقات ہیں۔بھارتی میڈیا نے مزید لکھا کہ پاکستانی تجزیہ کاروں کی نظر میں جوبائیڈن کے امریکی صدر بننے سے امریکا پاکستان سفارتکاری کے پرانے دور میں لوٹ آئیں گے، جوبائیڈن کشمیر اور پاکستان کے حق میں بولتے ہیں، روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف آواز بلند کرتے ہیں، امریکا میں مسلم تارکین وطن پر پابندی ختم کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے، جبکہ بھارت میں قانونی حیثیت کے بل کی مخالفت بھی کرچکے ہیں۔بھارتی میڈیا نے لکھا سابق صدر آصف زرداری بائیڈن کو دوہزار آٹھ میں پاکستان کے دوسرے بڑے سویلین ایوارڈ سے بھی نواز چکے ہیں۔