پشاور(آن لائن) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث شہر کے سات علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران متاثرہ علاقوں میں ا?نے اور جانے پر پابندی ہوگی۔
تاہم مساجد ، میڈیکل اور جنرل سٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی۔اعلامیہ کے مطابق علاقہ مجسٹریٹ اور پولیس کو لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یاد رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ حکومتی اور نجی سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔