لاہو( این این آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کسان رہنمااشفاق لنگڑیال کا خون رائیگاں نہیں جائے گا جنہوں نے یہ کیا وہ انشاء اللہ کیفر کردار تک ضرور پہنچیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کسان رہنما اشفاق لنگڑیال
کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتوں کا کام معاملات کو سلجھانا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، ماضی میں جتنی بھی حکومتیں آئیں انہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کو حل کرنے کو ترجیح دی، احتجاج ہر کسی کا جمہوری حق ہے لیکن یہ کون سی جمہوریت ہے جو احتجاج کرنے والے کی آواز دباتی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کسان اس ملک کے ذمہ دار شہری ہیں ان کی خوشحالی ملک کی خوشحالی ہے لہٰذا گندم کی امدادی قیمت دو ہزار روپے فی من ہونی چاہئے، کسانوں کے مطالبات اگر پہلے دن ہی سنجیدگی سے سن لیے جاتے تو اتنا بڑا سانحہ نہ ہوتا، ہم کسان فورم کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ذریعے حالات کو کنٹرول کرنے کی بجائے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دینی چاہئے، ہمارے دور میں احتجاج کرنے والوں سے مذاکرات کر کے ان کی مسائل افہام وتفہیم کے ساتھ حل کیے جاتے تھے۔