وزیرآباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ نواز کے راہنما اختر رسول نے کہا ہے کہ عمران خان کو ووٹ دینے والے ایک دوسرے کا دماغ کھائیں یا ایک دوسرے سے مار کھائیں کیونکہ سبزیاں دالیں اور اجناس انکی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں ۔عوام کے کھانے
کے لیے جھڑکیاں ،شکایات یا پھر مار پیٹ ہی بچی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سہولت بازار کے نام پرعوام کولالی پاپ دیا گیا ہے جہاں اشیائے خوردو نوش عام بازارکی نسبت مہنگی ہیںاور عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سردیوںکے آغاز میں ہی سوئی گیس کا بحران سر اٹھا رہا ہے اور گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں اور خواتین خانہ کے دماغ گرم ہو رہے ہیں ۔ نانبائی بھی مہنگے آٹے اور گیس کا روناروکر شہریوں کی کھال کھینچنے کے درپے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھولی عوام کو سبز باغ دکھا کر ورغلایا گیا اور آج مسائل ہی مسائل نظر آتے ہیں ۔