کراچی (این این آئی) مزار قائد پر نعرے بازی اور تقدس پامالی کیس میں پولیس نے چالان میں مریم نواز کو مفرور قرار دے دیا ،تاہم سرکاری وکلا نے پولیس چالان پراعتراض عائد کردیا۔تفصیلات کے مطابق سٹی کورٹ کراچی میں مزار قائد پر نعرے بازی اور تقدس کی پامالی کیس کی سماعت ہوئی،
پولیس نے مقدمے کا عبوری چالان پیش کیا۔پولیس نے چالان میں مریم نواز کو مفرور قرار دے دیا ،تفتیشی افسر نے کہا کہ مدعی مقدمہ سے کئی باررابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔سرکاری وکلا نے پولیس چالان پر اعتراض کردیا، جس پر افسر نے کہا چالان میں مزار کیبورڈ سربراہ غلام اکبر کا نام بطور گواہ شامل نہیں ، چالان پراعتراضات دور کرنے کیلئے3روزکی مہلت دی جائے۔قبل ازیں مقامی عدالت نے مزار قائد بے حرمتی کیس میں مسلم لیگ(ن) کے سینئررہنماکیپٹن (ر)صفدر کو آئندہ سماعت میں پیش ہونے کا حکم دے دیاہے۔سٹی کورٹ کراچی میں مزار قائد پر نعرے بازی اور بے حرمتی کے کیس کی سماعت میں لیگی رہنما کیپٹن (ر)صفدر پیش نہیں ہوئے۔ وکلا نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرادی۔وکیل نےبتایا کہ کیپٹن (ر)صفدر شہر سے باہر ہیں، پیش نہیں ہوسکتے جبکہ تفتیشی افسر نے بھی کیس کا چالان جمع کرانے کیلئے مہلت طلب کرلی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو چالان جمع کرانے کیلئے 3 دن کی مہلت دے دی۔عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر کیس کا عبوری چالان جمع کروایا جائے۔ کیپٹن(ر)صفدر کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم بھی دیا گیا۔