اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ انہوں نے نون لیگ چھوڑنے کا فیصلہ صرف اسلئے کیا کہ پی ڈی ایم کے کوئٹہ میں ہونے والے جلسے میں نواز شریف کے بیان نے سرخ لکیر عبور کر لی تھی، اس بیان میں انہوں نے فوج کے عہدیداروں اور سپاہیوں سے کہا تھا کہ وہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے غیر قانونی اور غیر آئینی احکامات پر
عمل نہ کریں۔ سینئر صحافی انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق نون لیگ کے صوبائی صدر نے کہا ہے کہ وہ باضابطہ طور پر پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے اور ارادہ ہے کہ یہ 7؍ نومبر کو ہوگی۔ ریٹائرڈ جرنیل نون لیگ کی گزشتہ حکومت میں کابینہ کا حصہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے جلسے میں جو کچھ نواز شریف نے فوجیوں سے کہا وہ پا ک فوج کیلئے بحیثیت ادارہ ایک خطرناک تقریر تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال فوج کے حلقوں میں بغاوت کا باعث بن سکتی ہے۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ فوج کے نچلے رینک کے افسران کا کام نہیں کہ وہ اپنی اعلیٰ کمان کے احکامات کی تشریح کریں اور اپنے طور پر فیصلہ کریں کہ انہیں کس حکم کی تعمیل کرنا ہے اور کس حکم کو مسترد کرنا ہے اور آیا ان کی رائے میں کوئی احکام قانونی ہے یا غیر قانونی۔ اگر فوجی افسران اس صورتحال کے تحت اپنی کمان کے احکامات کا جائزہ لینا شروع کر دیں تو ادارہ منہدم ہو جائے گا اور آئے دن بغاوت ہوگی۔ بلوچ نے کہا کہ اسی خطاب میں نواز شریف نے عوام سے کہا کہ وہ سڑکوں پر نکلیں اور ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گا۔ ان اطلاعات کہ مسلم لیگ نون کے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کو پی ڈی ایم کے کوئٹہ میں ہونے والے جلسے میں مدعو نہ کرنے کے متنازع فیصلے کی وجہ سے وہ (عبدالقادر بلوچ) پارٹی چھوڑ رہے ہیں؛ کے حوالے سے عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ اس معاملے پر تحفظات تھے لیکن ان کے پارٹی چھوڑنے کی وجہ یہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والے جلسے سے ایک دن قبل انہیں پارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ ثناء اللہ زہری کو اس جلسے میں اسلئے مدعو نہیں کیا گیا کیونکہ زہری کے حوالے سے اختر مینگل کو تحفظات ہیں۔ مشرف کے دور میں گورنر بلوچستان رہنے والے ریٹائرڈ جرنیل عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ انہوں نے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مصدق ملک، محمد زبیر اور مریم اورنگزیب سمیت نون لیگ کے
سینئر رہنمائوں سے زہری کے معاملے پر بات لیکن زہری کو پی ڈی ایم کی ریلی میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اس صورتحال سے آگاہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ زہری کا معاملہ ان کے نون لیگ چھوڑنے کی وجہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا متنازع بیان بھی پارٹی چھوڑنے کی وجہ نہیں۔ بلوچ نے اس بات کی بھی تردید کی کہ ان پر فوجی اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے کوئی دبائو ہے کہ نون لیگ سے علیحدگی اختیار کریں۔