اسلام آباد(آن لائن) پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت فوج کو متنازعہ بنا رہی ہے ،کراچی کی سڑکوں پر تحریک انصاف کے جھنڈے پرآرمی چیف کی تصاویرآویزاں کرنا بھیانک کھیل ہے،
قوم کو کیا پیغام دیا جا رہا ہے کہ آرمی چیف یا فوج ایک سیاسی جماعت کے ہیں ؟ حکومت الزام اپوزیشن پر لگا رہی ہے اور فوج پر سیاسی حملے خود کر رہی ہے،فوج کو ایک سیاسی جماعت کے ساتھ نتھی کرنا قومی سلامتی ہر کاری وار ہے ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اس حرکت کا نوٹس لیں ، یہ تاثر کسی صورت پروان نہیں چڑھنا چاہئے کہ فوج ایک سیاسی جماعت کی حامی ہے ، فوج پوری قوم کی فوج پے، اس کو متنازعہ بنانا ملک کی خدمت نہیں ،انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کہتے ہیں کہ فوج میرے ساتھ اور اپوزیشن کے خلاف ہے ،ایسے بیانات کے بعد سڑکوں پرآرمی چیف کی تصاویر تحریک انصاف پلیٹ فارم سے آویزاں ہو جاتی ہیں ، حوس اقتدار میں اندھے ہوکر عمران خان فوج کے ادارے کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں۔