اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں پر بغاوت کے مقدمے پر تحفظات کا اظہار کرنے پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) رائے بابر سعید کو تبدیل کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق سی پی او رائے بابر سعید کو عہدے سے ہٹاکر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر فہد مختار ، ایس پی صدر اور ایس پی سٹی کا بھی تبادلہ کردیاگیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں پر بغاوت کے مقدمے پر سی پی او نے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور وہ بغاوت کیس میں 26 افراد کو شامل تفتیش کرنے کے مخالف تھے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارشی تعیناتیاں نہ کرنے پر پی ٹی آئی کی مقامی قیادت بھی ناراض تھی، وزیرآباد کے ضمنی الیکشن میں سی پی او نے من پسند ایس ایچ اوز لگانے سے انکار کیا تھا۔ تاہم جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر سی پی او رائے بابر سعید نے تبادلے پر بات کرنے سے انکار کردیا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن صفدر اور دیگر کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں لیگی ایم پی اے عمران خالد بٹ کو بھی نامزد کیا گیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے جمعہ کو عمران خالد بٹ کی رہائش گاہ پر میٹنگ کی تھی جس میں ریاستی اور انتظامی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز الفاظ استعمال کیے گئے تھے۔