کوہلو(این این آئی ) بلوچستان پنجاب قومی شاہراہ گزشتہ 48گھنٹے سے راکھی گاج کے مقام پر گاڑی الٹنے سے بند ہوچکا ہے جس کی وجہ سے بلوچستان سے پنجاب اور پنجاب سے بلوچستان آنے والے ہزاروںمسافر راستے میں پھنس گئے ہیںجبکہ اس وقت قومی شاہراہ پر ہزاروں
کی تعداد میں مسافر ،سبزی کی گاڑیاں ، مسافرکوچزو دیگر گاڑیوں کی لائنیں لگ گئی ہیں جس کے باعث عمر رسیدہ بزرگ ،خواتین ،بچے اور مریض رول گئے ہیں تاہم 48گھنٹے گزرنے کے باوجود انتظامیہ غائب ہے اورہزاروں مسافر قومی شاہراہ پر پھنسے ہوئے ہیں رکھنی سے لیکر سخی سرور تک گاڑیوں کی لمبی لائنوں کے باعث قریبی ہوٹلوں میں کھانے پینے اور پانی کا شدید بحران پیدا ہوچکا ہے جبکہ سینکڑوں مسافر وں کی 24گھنٹے سے کھانے پینے تک رسائی ہی ممکن نہیں ہوسکی ہے دوسری جانب سبزیوں سے لوڈ گاڑیوں کے سبزیاں خراب ہونے سے کوہلو،لورالائی ،دکی ،بارکھان ،رکھنی سمیت ملحقہ علاقوں کے زمینداروں کو کروڑوں روپے کے نقصانات کا خدشہ ہے این این آئی کے رابطہ کرنے پر بلوچستان پنجاب بارڈر ملیٹری پولیس اہلکار نے بتایا ہے کہ راکھی گاج کے مقام پر بدھ کی رات دو گاڑیوں کے الٹنے کی وجہ سے قومی شاہراہ ہر قسم کے ٹریفک کے لئے معطل ہوچکا ہے تاہم تاحال انتظامیہ اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے گاڑی کو راستے سے ہٹانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں اس حوالے سے رابطے میں ہیں امید ہے آج رات یا کل تک قومی شاہراہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا تاہم ابھی تک اس حوالے سے کہنا کچھ بھی قبل از وقت ہوگا ۔