ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے پروٹوکول کی وجہ سے مریض کی جان چلی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ملتان آمد کے موقع پر دو گھنٹے کے لئے نشتر ہسپتال بند رہا، اس دوران ایمبولینس بھی ٹریفک میں پھنس گئی،
بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے ایمبولینس میں موجود مریض وفات پا گیا۔پروٹوکول ختم کرنے کے دعوے داروں کے پروٹوکول نے ہی ایک غریب شخص کی جان لے لی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ملتان آمد کے موقع پر کئی شاہراؤں پر ٹریفک پھنسی رہی۔ ایمبولینس میں موجود لواحقین نے بتایا کہ وہ اس پروٹوکول کی وجہ سے یہاں پھنس گئے ہیں اور اس کی وجہ سے ہمارے مریض کی جان چلی گئی ہے، مریض کے انتقال کے بعد اس کے لواحقین نے بطور احتجاج نشتر ہسپتال روڈ بلاک کر دیا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو وائرل ہے جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور وزیراعظم عمران خان شدید تنقید کی زد میں ہیں، سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف اس واقعہ پر کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔