لاہور (آن لائن) نیب لاہور نے چوہدری برادران کے خلاف بینک قرضوں کی نادہندگی اور اثاثہ جات کیس کی انکوائری بند کردی ہے۔ نیب نے انکوائری بند کرنے سے متعلق رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں بھی جمع کروا دی ہے۔
اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ 20 سال پرانی انکوائری ہے جس میں چوہدری برادران کے خلاف ثبوت نہیں مل سکے اور اسی مسئلے پر 12 اپریل 2000 کو بھی انکوائری ہوچکی ہے۔ جو پہلے بھی بند کردی گئی تھی لہٰذا نیب مذکورہ انکوائری بند کر رہا ہے ،واضح رہے کہ شواہد نہ ملنے کی وجہ سے بند کی جانے والی انکوائری میں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شفاعت حسین کو ملوث کیا گیا تھا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ چوہدری برادران نیب کی جانب سے کی جانیوالی انکوائری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔