اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آئی جی موٹرویز کی طرف سے پارلیمانی کمیٹی برائے انسانی حقوق کو لاہور موٹر وے واقعے پر بریفنگ دی گئی ۔ آئی جی موٹر ویز کلیم امام نے بتایا کہ خاتون نے رات کو 2 بجکر 1 منٹ پر کال کی۔
آپریٹر عابد نے کال اٹھائی جس پر خاتون نے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا، آپریٹر نے خاتون کو بتایا کہ یہ ان کی حد نہیں ، تاہم آپریٹر نے خاتون سے کہا کہ آپ رکیں میں متعلقہ حکام کو آگاہ کرتا ہوں ، آپریٹر نے خاتون سے بات کرنے کے بعد ایف ڈبلیو او کو اطلاع دی ، یہ ایک انتہائی دلخراش واقعہ ہے ہم نے اس پر مزید کام کرنا ہے ۔رکن کمیٹی قرا العین مری نے کہا کہ بتایا جائے کہ اس کا ذمے دار کون ہے؟ یہ ایک انتظامی ناکامی ہوئی ہے، آپ بتائیں کہ اس انتظامی ناکامی کا ذمے دار کون ہے ۔ آئی جی موٹر ویز نے کہا کہ یہ انتظامی ناکامی نہیں تھی ۔ واضح رہے کہ کیس میں ملوث ایک ملزم شفقت حسین اس وقت پولیس کی حراست میں ہے جبکہ دوسرا اور مرکزی ملزم عابد علی بدستور مفرور ہے ۔