لاہور (آن لائن) لاہور سیالکوٹ موٹروے کیس کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے 25 لاکھ روپے انعام کی رقم کے حصول کے لئے کیس کے ایک ملزم وقارالحسن کو سی آئی اے ماڈل ٹائون پیش کروانے والے علاقے کے رہائشیوں اور پولیس کے درمیان ٹھن گئی۔
بتایا گیا ہے کہ بہاولنگر کے رہائشی وقارالحسن کو اس کے علاقے کے رہائشیوں نے پولیس کے روبر اس شرط پر پیش کروایا کہ اس کو مارا نہیں جائے گا اور اب ان لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے انعام کی رقم جاری کرنے کا مطالبہ کردیا ہے جبکہ پولیس وقارالحسن کو حراست میں لینے کا کریڈیٹ خود حاصل کرنا چاہتی ہے۔ وقارالحسن کو پیش کرنے والے افراد کا مطالبہ ہے کہ وقارالحسن لاہور سیالکوٹ موٹروے کیس کا ملزم ہے یا نہیں ہے انہوں نے وقار الحسن کو پولیس کے روبر پیش کردیا لہٰذا وقار الحسن کو حراست میں لئے جانے پر انعام کی رقم انہیں ادا کی جائے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ وقارالحسن اس کیس میں ملوث نہیں پایا گیا لہٰذا انعام دینے یا نہ دینے کا فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی جبکہ وقارالحسن کا اس مقدمے میں لنک ثابت نہیں ہوسکا۔