اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)موٹر وے کیس میں گرفتار ملزم شفقت نے گزشتہ روز اعتراف جرم کرلیا،اس کی گرفتاری کیسے عمل میں آئی ، اس حوالے سے نجی ٹی وی جی این این نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملزم عابدعلی کے ساتھ رابطوں میں جو نمبر ملے تھے۔
پولیس ان نمبرز پر بھی کام کر رہی تھی ان میں سے دو ایسے نمبرز سامنے آئے جن پر سب سے زیادہ رابطے تھے۔ان میں سے ایک سم فیصل اور دوسری سم امانت نامی شخص کے نام سے تھی جو ضلع اوکاڑہ کے رہنے والے تھے ۔پولیس نے انہیں 3 روز قبل پکڑا اور ان سے تفتیش کی گئی تو یہ بات سامنے آئی کہ فیصل اور امانت کے نام سے نکلی ہو ئی سمیں شفقت استعمال کر رہا ہے ،شفقت جو کہ دیپالپور کا رہائشی تھا اس کے اپنے نام پر بھی پانچ سمیں تھیں جن میں دو جاز، ایک ٹیلی نار ، ایک یو فون اور ایک زونگ کی تھی ۔ شفقت اکثر فیصل سے رابطے میں رہتا تھا ، شفقت نے اپنی موبائل سم فیصل کے موبائل میں ڈالی تھی،ذرائع کے مطابق فیصل اور امانت سے تفتیش کے بعد ان دونوں کے ذریعے شفقت کو ٹریس کیا گیا اورپولیس نے ان دونوں کی مدد سے شفقت کو بلوایا اور پولیس نے ان کے ذریعے شفقت کو دھرلیا ۔ بعدازاں پولیس نے کامیابی ملنے پر ان دونوں افراد کو رہا کردیا جنہوں نے شفقت کو گرفتار کروانے میں پولیس کی مدد کی تھی ۔