اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری کی زیر صدارت وائس چانسلرز کمیٹی کا 31 واں اجلاس آن لائن ہوا، اجلاس میں ملک بھر سے 150 سے زائد وائس چانسلرز اور ریکٹرس نے شرکت کی۔
اجلاس میں یونیورسٹیوں اور کالجز کو کھولنے سے متعلق مختلف ایس او پیز پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا،چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نے یونیورسٹی کے سربراہوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی پالیسی کا بروقت واضح اور غیرجانبداری سے اعلان کریں، فیکلٹی ممبران اور طلبا کے ساتھ معلومات شیئر کریں،UVAS ، KEMU ، سکھر IBA ، KFUEIT ، KIU ، FJWU ، PIFD ، SBBWU سمیت متعددیونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے اجلاس کو ایچ ای سی کے رہنما خطوط کے تحت پہلے ہی اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔چیئرمین ایچ ای سی نے پہلے ہی کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔انہوں نے شرکا کو بھی تعاون کا یقین دلایا،دو بڑے امور ، ہاسٹلز کے افتتاح اور مناسب حفاظتی پروٹوکول کے ساتھ نقل و حمل کا اہتمام کرنے کے بارے میں ایک فعال گفتگو ہوئی۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یونیورسٹیوں کو ہاسٹل میں رہنے والے طلبہ کی تعداد کو کم کرنا ہوگا۔دوسری طرف ، مکمل طور پر رہائشی سیٹ اپ رکھنے والی یونیورسٹیوں کو اپنے رہائشی طلبا کے بیرونی لوگوں کے ساتھ میل جول کو محدود کرنے کی ضرورت پڑسکتی ہے۔نقل و حمل کے امور بارے یونیورسٹیاں مناسب ایس او پیز اختیارکرسکتی ہیں اور ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کو احتیاطی طریقوں سے آگاہ کرنے کے لئے تربیتی سیشن کا اہتمام کرسکتی ہیں۔چیئرمین نے وائس چانسلرز کو آگاہ کیا کہ ایچ ای سی نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر ، وزارت صحت اور وزارت تعلیم سے مکمل رابطے میں ہے،کمیٹی نے ایک ماہ کے بعدجائزہ اجلاس بلانے پر اتفاق کیا۔